قرآنی تفاسیر

  • Admin
  • Sep 23, 2021

مفسرین اہل سنت برصغیر کی تفسیری خدمات:

قرآن پاک اللہ کریم کا کلام ہے اور اس کا پیغام آفاقی ہے اسکی ابدیت ،ہمہ گیریت اور جامعیت کے پیش نظر اسکے معارف ونکات، رموز وکنایات کی تشریح،تفسیروتوضیح کے ساتھ اسکا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکاہے اور ایسا نہیں ہے کہ یہ سلسلہ رکاہے بلکہ ہنوز جاری ہے ۔ قرآن عظیم کی ترجمہ نویسی ا ور تفسیر نویسی کا آغاز زمن ِنبوی کے بالکل متصل زمانے میں ہی ہوچکا تھا ۔ جوں جوں ذوقِ مطالعہ بڑھا ضرورتیں پیش آتی گئیں ماہرین علوم وفنون نے مختلف حوالوں سے قرآن پاک کو اپنامرکز تحقیق بنایا اور تحقیقات کرکے دنیا کے سامنے قرآن کے حسن اور قرآنی حقانیت کو پیش کیا ہے۔ اس حوالے سے بر صغیر ہندوپاک کی غیر معمولی خدمات رہی ہیں  جس کا اعتراف کیا جانا چاہئے، اتنا ہی نہیں بلکہ مختلف زبانوں میں بے شمار تراجم قرآن اورمتعدد تفاسیرلکھے گئے اور قرآن پاک کے حوالے سے مختلف آرٹیکلز کئی زبانوں میں لکھے گئے اس حوالے سے قرآن عظیم کی تبین وتوضیح پر علماء وماہرین کی ایک بڑی جماعت نے خامہ فرسائی کی اور اپنا علمی ، فکری وروحانی سرمایہ امت کے نام وقف کيا ۔

 بس اتنا ہی نہیں بلکہ جوں جوں حالات بدلتے رہے اور آج تک مختلف علوم وفنون کی ایجادات ہوتی رہی اورہر دور کے علماء نے ان میں اپنے ذوق ورغبت کے مطابق ان متعارف علوم وفنون میں مہارت تامہ اور ید طولی حاصل کیا اور پھر جب قرآن کریم کی تفسیر بیان کرنا شروع کی تو اُس دوران انہوں نے اپنے پسندیدہ علوم میں فنی مہارت ،کامل دسترس اور اپنے جوہر دکھائے اور پھر انھیں علوم وفنون سے ان تفاسیر کو شہرت ملی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آثاری،ادبی ، کلامی، تاریخی، لغوی، فقہی،اشاری اور ذاتی تفاسیر اور متنوع اقسام کی مختلف تفاسیر کا سلسلہ منظر عام پر آنے لگا اور قرآن کریم کے مطالب ومفاہیم اور اسکے آفاقی پیغام کو واضح انداز میں بیان کرکے ہر دور کے لوگوں کی صحیح رہنمائی کی جانے لگی ۔ ہندوستان میں عربی ،اردو اور فارسی زبان کے علاوہ تقریبا سبھی زبانوں میں قرآن کے تراجم وتفاسیر کئے گئے ہیں ۔ جس میں سے تیلگو ،بنگلہ،سنسکرت، گورمکھن ،کنڑ، سندھی، کشمیری،گجراتی ، ہندی ، ملیالم وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ ہر مسلک ومکتب فکر کے ماننے والوں کی قرآن کریم پر تفاسیرو تراجم موجود ہیں جس میں کثرت سے اہل سنت والجماعت بعد میں وہابی فرقہ، دیوبندی فرقہ ، اہل حدیث فرقہ، فرقہ اہل قرآن ، قادیانی فرقہ ، رافضی فرقہ وخارجی فرقہ ساتھ ہی اہل تشیع اور معتزلہ وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ مسلمانوں کے علاوہ بعض غیر مسلموں مستشرقین اور عیسائیوں کے تراجم وتفاسیر بھی ہوئے ساتھ ہی قرآن کریم کا منظوم ترجمہ وتفسیر بھی کیا گیا ۔ اہل عرب یا عربی زبان سے واقفیت رکھنے والے علماء ومفسرین نے تفسیرِ قرآن ، تراجمِ قرآن پر سب سے زیادہ محنت کی اس کے بعد سب سے زیادہ قرآن مجید کے حوالے سے ترجمہ نویسی اور تفسیر نویسی کی خدمات خصوصیت کے ساتھ اردو زبان میں ہندوستان میں انجام دی گئی ۔

1600ء کے اخیر ميں اورہجری نویں کے اختتام اور دسویں ہجری کے اوائل سے فن تفسیر نویسی وتر جمہ نویسی کا باضابطہ آغاز ہوتا ہے ۔ دسویں اور گیارہویں ہجری کے ابتدا کا عالم یہ تھا کہ چند مخصوص آیتوں ،سورتوں یا پاروں کاترجمہ ہوا تفسیرلکھی گئی اور ان پر حواشی لکھے گئے اور ان سب کوانھیں تفسیر کے نام سے موسوم کردیا گیا پھر باضابطہ 1200ھ میں شمالی ہند میں باقاعدہ تفسیر نویسی کی بنیاد پڑی ۔

کتاب قرآن کریم کے ہندوستانی تراجم وتفاسیر میں مصنف ڈاکٹر غلام یحیی انجم صاحب رقم طراز ہیں کہ 1185ھ میں شاہ مراد اللہؒ انصاری کاقرآن کریم کا آخری حصہ عم پارہ کی سادہ اور سلیس زبان میں ترجمہ وتفسیر پر مشتمل تفسیر مرادیہ ہندوستان میں اس فن کاسب سے پہلا کارنامہ ہے اسی کے بیس سال بعد شاہ ولی اللہؒ دہلوی خانوادہ سے شاہ عبدالقادرؒ دہلوی کاترجمہ وحاشیہ پر مبنی موضح القرآن جو اردو زبان کا سب سے پہلاقرآن پاک کا مکمل ترجمہ وتفسیر کہلایا۔

علمائے اہل سنت  کی قرآنی تفاسیر

فتح الخبیر مما لابد عن حفظہ فی علم التفسیر -  مفسر شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ

تفسیر مظہری  - مفسر قاضی ثناء اللہ پانی پتی علیہ الرحمہ

تفسیر نور النبی -  مفسر خواجہ حسین ناگوریؒ

تفسیر فتح الرحمن  - مفسر شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ

تفسیر موضح القرآن -  مفسرشاہ عبد القادر دہلویؒ

تفسیر فتح العزیز ( تفسیر عزیزی ) - مفسر شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ

اردو کلام الہی  - مفسر حضرت خواجہ حسن نظامی دہلویؒ

اعظم التفاسیر - مفسر محمد رحیم بخش دہلویؒ

تفسیر الحسنات -  مفسر ابوالحسنات سید محمد قادری مشہدیؒ

تفسیر حسنی  -  مفسرسید محمد حکم بن محمد بن علم اللہ الحسنی نقشبندی بریلویؒ

تفسیر نعیمی ( اشرف التفاسیر ) - مفسرمفتی احمد یار خان نعیمی گجراتیؒ

خزائن العرفان  - مفسرسید محمد نعیم الدین مرادآبادیؒ

زبدۃ التفاسیر (تفسیر اورنگ زیبی) -مفسرشیخ معین الدین بن خاوند کشمیری نقشبندیؒ حنفی

فتح العزیز -  مفسرحضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ

قرآن القرآن بالبیان  - مفسرحضرت شیخ کلیم اللہؒ جہاں آبادی چشتی

کشف القلوب معروف بہ تفسیر قادری  - مفسرحضرت شیخ سید محمد عمرحسینیؒ قادری

صراط الجنان فے تفسیر القران از مفتی ابوصالح محمد قاسم قادری 10 جلدوں میں شائع ہوئی

کنز الایمان از امام احمد رضا خان بریلویؒ

تیسیرالقرآن از مفسر قرآن عبدالرحمن کیلانیؒ

(جملہ چار جلدوں پر مشتمل قرآن سے قرآن،حدیث اور سائنسی انداز سے لکھی گئی ہے ترجمہ بہت سلیس ہے اردو میں آج تک اتنی آسان زبان میں ترجمہ نہیں کیا گیا)

نور العرفان از مفتی احمد یار خان نعیمیؒ۔

یہ مختصر تفسیر ہے جو اکثر ترجمہ کنز الایمان کے حاشیہ پر چھاپی جاتی ہے۔

ترجمۃ القرآن از نور محمد نقشبندیؒ

تفسیر ضیا القرآن ازمنصف ضیاء الامت شیخ مولانا مفتی محمد کرم شاہ الازہریؒ۔

ستارہ امتیاز، (1918ء-1998ء)۔ پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ چشتیہ سلسلہ کے معروف صوفی بزرگ اور پاکستانی سنی مسلمان عالم تھے۔

تبیان القرآن از علامہ غلام رسول سعیدیؒ۔

مصنف عالم اسلام کے معروف عالم دین ہیں اور انہوں نے  بارہ(12) جلدوں پر مشتمل یہ اردو تفسیر عالمانہ انداز میں لکھی ہے اور قدیم و جدید حوالہ جات بھی شامل کیے ہیں۔

قرآن مجید کا مربوط و مسلسل تشریحی ترجمہ مسمی بہ " تفسیر تبیین القرآن " از الشیخ علامہ مفتی سید محمد حسین شاہ نیلوی رحمہ اللہ تعالی

 

اسی طرح کہیں فقط آیتوں کی تو کہیں سورتوں کی اور کہیں چند پاروں کی بعض مفسرین نے مختلف جہتوں سے تفسیر فرمائی سید شاہ مصطفی حیدر حسن قادریؒ ، محمد ابراہیم رضاخان بریلویؒ،سیدشاہ برکت اللہ مارہرویؒ ، محمد جہانگیر خان رضویؒ، شیخ سید ابراہیم رضویؒ ، مولانا قدرت اللہ رضویؒ، مولانا غلام محمد غوث حنفیؒ ، مفتی غلام سرور لاہوریؒ، علامہ فیض احمد اویسیؒ ، مولانا نقی علی خانؒ ،علامہ بہاوَ الدین محمدؒ ملیباری ان چند مشہورحضرات کا نام قابل ذکر ہے ۔

 

استفادہ از:  https://urdu.islamonweb.net/translations-and-interpretations-of-the-Holy-Quran-by-Indian-Sunni-Scholars